شہر قائد میں ایم اے جناح روڈ پر واقع سی بریز بلڈنگ میں پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، تاہم فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پالیا گیا۔ ریسکیو آپریشن میں 10 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق واقعے میں 25 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 17 کو جناح اسپتال اور 10 کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جناح اسپتال میں زیر علاج 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قریبی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ اطراف کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ متاثرہ عمارت میں میڈیکل آلات کی دکانیں بھی موجود تھیں، جہاں آکسیجن سلنڈرز رکھے گئے تھے، جنہیں فوری طور پر ہٹایا جا رہا ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ گنجان آباد علاقوں میں خطرناک مواد کے گوداموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں