علی امین گنڈاپور کا بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے اہم اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

 وزیراعلیٰ نے بونیر میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا اور جاری امدادی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جانی نقصان کی تلافی ممکن نہیں، تاہم حکومت متاثرین کو ہر ممکن مالی امداد فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور دیگر راستوں کی بحالی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ایوی ایشن سے اضافی ہیلی کاپٹرز بھی طلب کیے گئے ہیں۔ “متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے”، وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی۔

بونیر کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری، صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق، بونیر کی 7 ولیج کونسلز میں 5,380 مکانات کو نقصان پہنچا، 209 افراد جاں بحق، 134 لاپتا اور 159 زخمی ہوئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اس موقع پر وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں بونیر کے عوام کا ساتھ دینا قابل تحسین ہے۔

مزید برآں، این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے آئندہ مزید تین مون سون اسپیلز کی پیش گوئی بھی کی ہے، جس کے پیش نظر امدادی ادارے الرٹ ہیں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور آج دوسرے روز بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close