راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں آزاد پتن روڈ پر ٹھنڈا پانی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔ ریسکیو حکام نے شہریوں کو متبادل راستے کے طور پر کوٹلی کہوٹہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ مقام پر روڈ کلیئرنس اور ٹریفک کی بحالی کا کام جاری ہے۔
دوسری جانب، چکوال میں ممکنہ طوفانی بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام سرکاری اسکولوں کو عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بونیر، مالاکنڈ اور لوئر دیر میں موسلادھار بارش ہوئی۔ پیربابا خوڑ میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث پیربابا پولیس اسٹیشن اور سواڑی 132 کے وی گرڈ اسٹیشن سمیت گلیوں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا۔
گوکند میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 خواتین جاں بحق ہوئیں۔ سوات کے علاقے مدین میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جان کی بازی ہار گئے، جب کہ سوات ہی میں برساتی نالے میں ڈوبنے سے مزید 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔ ملک میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 221 تک جا پہنچی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں