کراچی کے علاقے قائد آباد شیر پاؤ کالونی میں دکان پر کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں اہلسنت والجماعت شیر پاؤ لانڈھی کے صدر قاری عبدالرحمٰن جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے والد اور ایک ساتھی شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق دو نامعلوم مسلح افراد نے دکان کے اندر گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں قاری عبدالرحمٰن شدید زخمی ہوگئے اور دوران علاج دم توڑ گئے۔ زخمیوں میں ان کے والد گل رحمان اور ایک ساتھی شاکر شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک پہن رکھے تھے اور انہوں نے قاری عبدالرحمٰن کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
جناح اسپتال کے باہر مقتول کی لاش رکھ کر مذہبی جماعت کے کارکنان نے احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں