لاہور (پی این آئی) عوام کیلئے عید پر “مہنگائی کا تحفہ”، پنجاب میں برائلر مرغی کا گوشت تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق عید قریب آتے ہی پنجاب کے شہروں میں مرغی کا گوشت مزید مہنگا ہو کر 800 روپے فی کلو کی سطح سے بھی تجاوز کر گیا ۔ پنجاب کے شہروں میں برائلر مرغی کا گوشت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے کے بعد عید پر گائے اور بکرے کا گوشت بھی مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت ضلعی سطح پرمصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام نظر آتی ہے۔ سرکاری ریٹ مرغی کا گوشت 591روپے فی کلو،گائے کا گوشت 800روپے بکرے کا گوشت 1600روپے فی کلو مقرر کیا گیا تاہم پنجاب کے کسی شہر میں برائر گوشت، گائے اور بکرے کا گوشت سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں۔
سرکاری نرخ کے برعکس گائے کا گوشت 1000سے 1200روپے، بکرے کا گوشت2000سے 2200روپے میں فروخت جاری ہے۔جبکہ عید سے دو روز قبل ہی برائلر کی قیمت بھی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ مارکیٹ میں برائلرگوشت کی قیمت 800روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر گئی ہے ۔ آڑھت منڈی میں گزشتہ روز 40کلو چکن کی قیمت19ہزار 680 روپے تھی جو صرف ایک دن میں 700روپے سے زائد اضافے کے ساتھ 40کلوکی قیمت 20ہزار 400 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر آنے کے دعووں کی قلعی کھل گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں