شہباز کابینہ کے اراکین نے اپنی تنخواہوں میں 188 فیصد اضافہ کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) شہباز شریف کابینہ کے اراکین نے اپنی تنخواہوں میں 188 فیصد اضافہ کر لیا، سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری کے بعد اب وفاقی کابینہ میں شامل اراکین کو لاکھوں روپے اضافی تنخواہ ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ اراکین کی تنخواہوں اور الاؤنس میں اضافہ کردیا گیا، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دے دی، وفاقی وزیروں، وزرائے مملکت اور مشیروں کی تنخواہوں میں 188 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کے الاؤنس اور تنخواہوں کے ایکٹ 1975 میں ترمیم کی گئی، نئے بل کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر، وزیر مملکت اور مشیر کی تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار ہوگی، اس سے پہلے وفاقی وزیر کی تنخواہ 2 لاکھ اور وزیر مملکت کی 1 لاکھ 80 ہزار تھی۔

وفاقی وزیر کی تنخواہ میں 159 فیصد اضافہ منظور کیا گیا جبکہ وزیر مملکت اور مشیر برائے وزیراعظم کی تنخواہوں میں بھی ایک 188 فیصد تک اضافہ منظور کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دے دی۔ ترمیم 1975 کے ایکٹ کی مختلف شقوں میں کی گئی، وزرا کے الاؤنس، گاڑی، دفتر وغیرہ تنخواہوں کے علاوہ ہے، ترمیم کے بعد وزرا کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کابینہ کے 4 فروری کے اجلاس سے مذکورہ سمری کو آخری وقت میں ایجنڈے سے نکال دیا گیا تھا، کابینہ ایجنڈے سے سمری کو نکالنے کا مقصد عوام اور میڈیا تنقید سے بچنا تھا۔

خیال رہے کہ 2 ماہ قبل اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور مراعات وفاقی سیکرٹری کے برابر کرنے کے معاملے پر فنانس کمیٹی نے ایم این ایز اور سینیٹرز کی تنخواہ اور مراعات میں اضافے کی منظوری دی تھی۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے متفقہ منظوری دی تھی ایم این اے اور سینیٹر کی تنخواہ و مراعات 5 لاکھ 19 ہزار مقرر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ تنخواہوں اور مراعات کے معاملے پر پیپلز پارٹی، ن لیگ سمیت دیگر جماعتیں ہم آواز ہیں۔ تمام کٹوتیوں کے بعد وفاقی سیکرٹری کی تنخواہ اور الاؤنسز 5 لاکھ 19 ہزار ماہانہ ہیں، اراکین پارلیمنٹ کو سہولیات بھی وفاقی سیکریٹری کے مساوی حاصل ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close