کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر واقع پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ شاہراہ فیصل پر واقع کاوش پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ریسکیو 1122 کا ریسکیوآپریشن جاری ہے۔کاوش پلازہ کے مکین چھت پر چڑھ گئے، جنہیں جلد ریسکیو کر لیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ دوسری منزل پر رکھے ہوئے جنریٹر میں لگی جس کے بعد دھواں پھیلنے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ترجمان کے بیان کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم ایک ایمبولینس اور تین فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی، ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 آگ پر جلد از جلد قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔
سندھ کے صوبائی وزیر برائے آبادکاری مخدوم محبوب الزماں کے ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر نے ریسکیو آپریشن کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر میں عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے مناسب اقدامات نہ کیے جانے کے باعث آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں