کراچی (پی ین آئی)پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر 6 کینال منصوبے کے حوالے سے کھل کر سامنے آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے دریائے سندھ پر 6 کینال کے منصوبے کو مسترد کردیا اور وفاقی حکومت پر واضح کیا کہ سندھ کو انڈس ریور سسٹم سے کسی نئے کینال کا منصوبہ قبول نہیں ہے۔وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی سندھ کونسل کا اجلاس ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 4 اپریل کو 46ویں یوم شہادت کے موقع پر ملک بھر کی عوام گڑھی خدابخش بھٹو کے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے بھرپور خراج عقیدت پیش کریں گے۔
“جنگ ” کے مطابق بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی سندھ کونسل کیجانب سے دریائے سندھ پر کینال منصوبے کے خلاف قراردادوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دریائے پر نئے کینالوں کے خلاف ہے اور پارٹی شروع سے ہی اس منصوبے کے خلاف اپنی بھرپور آواز اٹھاتی آ رہی ہے، پیپلز پارٹی ہی پانی کے مسئلے سمیت سندھ کے حقوق کےلیے عوام کی حقیقی نمائندگی کی ہے اور کرتی رہے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو انڈس ریور سسٹم سے نئے کینال منصوبہ کسی صورت قبول نہیں ہے۔ سسٹم میں پہلے ہی پانی کی شدید کمی ہے تو ان کینالوں میں پانی کہاں سے لایا جائے گا؟سندھ کا مطالبہ ہے کہ پانی کے 1991ء معاہدے کے تحت پانی کی تقسیم پیرا ٹو کے تحت کی جائے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ 6 کینالوں کا منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے کا منصوبہ ہے اور سندھ کو دریائے سندھ پر کسی کینال کا منصوبہ قبول نہیں، اس لیے وفاقی حکومت 6 کینالوں کے منصوبے سے دستبرداری کا اعلان کرے اور سندھ کی آواز کو سننے کے لیے سی سی آئی کا اجلاس طلب کیا جائے۔
جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر 6 کینالز کے منصوبے کی اس وقت سے مخالفت کر رہی ہے جب جی ڈی اے سمیت دیگر جماعتوں کو اس متعلق کوئی علم ہی نہیں تھا۔ پیپلز پارٹی سندھ کے پانی اور سندھ کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں