لاہور (پی این آئی) ملک میں ڈالرز کی کمی کے باوجود حکومت کا انوکھا فیصلہ، پہلے بیرون ملک چینی کی فروخت کی اجازت دی، اب بیرون ملک سے شکر کی خریداری پر کروڑوں ڈالرز خرچ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملکی چینی ایکسپورٹ کرنے کے بعد حکومت نے بیرون ملک سے شکر درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزارتی ذرائع کے مطابق شکر کی درآمد کا فیصلہ ملک میں چینی کی بڑھتی قیمتوں کو قابو میں کرنے کیلئے کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق شوگر انڈسٹری نے پچھلے سال حکومت کو یقین دہانی کروائی تھی کہ چینی ایکسپورٹ ہونے سے ملک میں چینی مہنگی نہیں ہوگی تاہم چینی مہنگی ہونا شروع ہوگئی۔اس بار چینی کی بجائے شکر درآمد کی جائے گی، درآمد شدہ شکر کو مقامی سطح پر ریفائن کر کے چینی میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دینے کے فیصلے کی قیمت عوام ادا کرنے کیلئے تیار ہو جائیں۔ ملک میں چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے بتایا ہے کہ اس وقت چینی کی کوئی قلت نہیں، لیکن ملیں بیچنا نہیں چاہتیں، شوگر ملیں ہر طرف سے منافع میں ہی رہتی ہیں، اب فصل نو ماہ بعد آئے گی، خدشہ ہے کہ چینی 250 روپے تک پہنچ جائے گی، وزیراعظم اس کا فوری نوٹس لیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں