اہم سیاسی رہنماحادثے میں چل بسے

 

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں سابق رکن صوبائی اسمبلی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما متوکل خان ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں متوکل خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، تاہم ڈرائیور زخمی ہوگئے، جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اے این پی کے مطابق ان کی نماز جنازہ کل صبح 11 بجے شاھ پور، شانگلہ میں ادا کی جائے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری متوکل خان ایڈوکیٹ کے انتقال سے ہم نے ایک عظیم سیاسی و قومی خدمت گار کھو دیا ہے۔

دریں اثنا، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین اور صوبائی جنرل سیکریٹری حسین شاہ یوسفزئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری متوکل خان ایڈووکیٹ کی المناک شہادت پر گہرا دکھ اور رنج ہے۔ان کا کہنا تھا کہ متوکل خان ایڈووکیٹ کی شہادت پارٹی کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، وہ ایک مخلص، بے لوث اور باہمت رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ حق و انصاف کی جدوجہد کی اور پارٹی کے نظریات و اصولوں پر ثابت قدم رہے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close