ملک بھر میں چینی کی قیمت کو پر لگ گئے

لاہور(پی این آئی)رمضان المبارک سے قبل چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، عام مارکیٹ میں چینی کی قیمت 160 روپے تک پہنچ گئی۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط قیمت 154 روپے 27 پیسے فی کلو ہو گئی ہے، نئے سال 2025 کے پہلے ڈیڑھ ماہ میں چینی کی اوسط قیمت میں 15 روپے 63 پیسے کا اضافہ ہوا۔سرکاری دستاویز کے مطابق گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران چینی کے اوسط نرخ 22 روپے 42 پیسے بڑھے، ملک میں 2025کے آغازپر چینی کے اوسط نرخ 138 روپے 64 پیسے فی کلو تھے۔

حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 کے دوران 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی اس کے بعد اکتوبر 2024 میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کم قیمت پر فروخت کرنے سے انکار کردیا ہے۔حکومت کی جانب سے رمضان میں عام مارکیٹ میں چینی کی قیمت 140 روپے تک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شوگرملز ایسوسی ایشن نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ پیداواری لاگت کے مطابق چینی 170 روپے کلو پڑ رہی ہے، کم قیمت پر فروخت سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو نقصان ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close