گورنر پنجاب نے بلاول بھٹو کے حوالے سے بڑا دعویٰ کر دیا

اٹک (پی این آئی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے دعویٰ کیا ہے کہ سال دو سال میں بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بن جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو چار سڑکیں اور فنڈز کے لیے منتیں کرنے کا عادی نہیں ہوں، بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنیں گے تو زیادہ فنڈز اٹک میں استعمال کریں گے، وزارت عظمیٰ بلاول بھٹو کے قریب ہے اور سال دو سال میں بلاول بھٹو وزیراعظم بن جائیں گے کیوں کہ پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی جماعت نہیں ہے۔

گورنر پنجاب کہتے ہیں کہ دوسری جماعتوں کی قیادت میں کسی سے ہاتھ ملاتے وقت تکبر کی جھلک نظر آتی ہے جہاں حقوق اور ایشوز کی بات ہوگی وہاں میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، کل، آج اور آنے والے وقت میں اپنے اداروں کے ساتھ کھڑا ہوں کیوں کہ اک فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف شہادتیں دے رہی ہیں، دہشت گردی کی جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

علاوہ ازیں سردار سلیم حیدر یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ 2024ء کے انتخابات میں پورے پاکستان میں جیتنے والے فارم 47 پر منتخب ہوئے ہیں، 2013ء، 2018ء اور 2024ء کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی، 2024ء میں فارم 45 اور فارم 47 کی خرابی تھی، ملکی تاریخ میں کوئی ایک آدھ ہی ایسا الیکشن ہوا ہوگا، جس پر سب نے کہا ہو کہ شفاف الیکشن ہوئے، مجھے گارنٹی ہے عطا تارڑ ہارے ہوئے تھے، پورا راولپنڈی اور اٹک فارم 47 پر ہے، کراچی کے بہت سارے حلقے فارم 47 پر ہیں، اٹک میں میرا حلقہ (این اے 50) فارم 47 پر ہے، میں الیکشن ہارا ہوا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close