لاہور (پی این آئی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوابی کا جلسہ اشتعال انگیز تقاریر کے سوا کچھ نہیں تھا، کیونکہ خیبرپختونخوا کے عوام کو گزشتہ 12 سال میں صرف انتشار اور بدحالی ملی ہے۔
آج پاکستان کے عوام تعمیر و ترقی کا دن منا رہے ہیں، جبکہ ایک مخصوص سیاسی گروہ یومِ سیاہ منایا ہے،اس جماعت کے پاس رونے دھونے کے سوا کچھ نہیں بچا۔ خیبرپختونخوا میں برسوں کی حکومت کے باوجود عوام کو ایک بھی فلاحی منصوبہ نہیں دیا گیا، بلکہ صرف کرپشن اور مہنگائی کا تحفہ ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ چند سال قبل ریاستی اداروں کے خلاف سازشیں کی جا رہی تھیں، اور مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا تھا، مگر آج پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں عوام کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے۔ پنجاب کے طلباء کو سکالرشپس، بجلی کے بلوں میں رعایت، خدمت کارڈ جیسی سہولت، اور اقلیتوں کے لیے مینارٹی کارڈ فراہم کیا گیا ہے۔
پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے بے شمار منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جبکہ ایک ایسی جماعت بھی ہے جس کا مقدر صرف رونا دھونا ہے۔ یہ خود بھی روتے ہیں اور عوام کو بھی مایوسی میں مبتلا کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے طلباء کے لیے بھی سکالرشپس دیں گی، جبکہ ایک مخصوص گروہ صوابی میں جلسہ کر کے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والی شاندار تقریب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں کو صحت مند تفریحی سرگرمیوں کی ضرورت ہے، نہ کہ پٹرول بموں کی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ ماضی میں ان مقامات کو ذاتی سیاست کے لیے استعمال کیا جاتا رہا۔کھیلوں کے میدان آباد ہونے چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع مل سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں