بیرون ملک گرفتار بے گناہ پاکستانی خاندان کو رہائی مل گئی

لاہور (پی این آئی) ایئرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر اے این ایف کی ٹیم کی دن رات کی کاوشوں سے سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی اور خاندان کے 5 افراد واپس وطن پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی رہائی پانے والے بے گناہ خاندان کی رہائش گاہ گئے اور خاندان کے افراد سے ملاقات کی، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی ان کے ہمراہ تھے، وزیر داخلہ محسن نقوی نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے رہائی و وطن واپسی پر مبارکباد دی، اے این ایف کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر سکندر حیات، ڈائریکٹر انفورسمنٹ بریگیڈئر عمران، ڈائریکٹر انٹیلیجنس کرنل کامران اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو جو تکلیف اٹھانا پڑی وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی، اے این ایف نے دن رات محنت کرکے انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا، سعودی عرب کی حکومت نے بھی بہت تعاون کیا، سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، بے گناہ خاندان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات پر ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہیں، اے این ایف کی ٹیم کو اس سلسلے میں خصوصی ایوارڈز دیں گے، اے این ایف کی ٹیم نے اللہ تعالی کی رضا کیلئے انتہائی محنت سے کیس لڑا، اس طرح کوئی اپنا بھی کیس نہیں لڑتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close