لاہور (پی این آئی) صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز اور ان کی صاحبزادی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر مضامین دسویں جماعت کے نصاب میں شامل کرلیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے دسویں جماعت کے نصاب میں کلثوم نواز اور مریم نواز کی تصاویر کے ساتھ ان پر لکھے گئے مضمون شامل کیے گئے ہیں، اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے ترجمان نے دسویں جماعت کے نصاب میں مریم نواز اور کلثوم نواز کی تصاویر و مضامین شامل کرنے کی تصدیق کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ نصاب میں مریم نواز کو پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے ان کی تصویر شامل کی گئی ہے، با اثرخواتین کی کامیابیوں میں مریم نواز سے متعلق مضمون باب 8 اور صفحہ 163 پر مطالعہ پاکستان کی کتاب میں موجود ہے۔
اس حوالے سے صوبائی محکمہ تعلیم کے ترجمان نے مؤقف دیا ہے کہ فاطمہ جناح، نصرت بھٹو، فہمیدہ مرزا کی طرح مریم نواز اور کلثوم نواز کے نام اور تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں، نظر ثانی شدہ نصاب کی کتاب اس وقت چھپائی کے مرحلے میں ہے، تاہم نئی نصابی کتاب کا آن لائن ورژن موجود ہے اور نئی مطالعہ پاکستان 2025ء کے تعلیمی سال میں نصاب کا حصہ ہوگی۔
مزید یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ صوبے میں نہم جماعت کیلئے 7 کتابوں کا سلیبس تبدیل کردیا گیا ہے ، جس کے تحت بچے اب اپنی مرضی سے اردو یا انگریزی زبان میں نہم کا سلیبس پڑھ سکیں گے، اس سے قبل نہم جماعت کا سلیبس صرف انگریزی زبان میں پبلش کیا گیا تھا،سلیبس تبدیل ہونے والی 7 کتابوں میں اردو،انگریزی اورحساب شامل ہے، اس کے علاوہ فزکس،کیمسٹری، بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کی کتاب کا نصاب تبدیل کیا گیا ہے، پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے تعلیمی اداروں اور بورڈز کو کتابوں کی تبدیلی بارے آگاہ کردیا، 2026ء میں بچوں کے نہم کا سالانہ امتحان نئے سلیبس میں سے لیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں