پنجاب حکومت نے سولر پینل سکیم سے متعلق نئی خوشخبری سنادی‎

لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت نے شہریوں کے لیے مفت سولر پینل سکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے شہریوں کو مفت سولر پینل فراہم کرنے کی سکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ کیا ہے، صوبے میں سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور قابل تجدید توانائی کے منصوبے کو جون تک مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اب تک صوبے میں بغیر بجلی والے 1 ہزار 200 دیہات میں 404 غریب افراد کو ایک کلو واٹ کے ہائبرڈ سولر سسٹم فراہم کیے جا چکے ہیں، صوبے میں شمسی توانائی کے فروغ کے لیے 6 ارب روپے کے اضافی فنڈ دینے کا بھی فیصلہ ہوا ہے، اس حوالے سے ایک اجلاس میں پنجاب اسمبلی، انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت دیگر محکموں اور وزارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا، صوبائی حکومت کی جانب سے کوڑے کرکٹ سے بجلی بنانے کے فنڈ کے قیام کا عمل مارچ تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، صوبائی حکومت نے اجلاس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے متعلق اہم فیصلے کیے، اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے 62 ارب روپے کی منظوری دی، اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں تقریباً 5 ہزار شہری اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض لے چکے ہیں، پروگرام کے تحت 4 ہزار 200 سے زائد مکان تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر مریم نواز شریف نے مئی تک 40 ہزار افراد کو قرض دینے کا ہدف مقرر کیا، اجلاس میں سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے قرض دینے کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے قرض 15 سے 20 لاکھ کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close