کراچی(پی این آئی)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی میں حکومت کی وجہ سے کوئی تاخیر نہیں ہوئی، یوٹیلٹیز کی منتقلی کی وجہ سے کام میں تاخیر ہوئی، کراچی میں رواں سال شارع فیصل پر ڈبل ڈیکر بسیں چلادیں گے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق کاٹی میں خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ صدر آصف زرداری کی تاجر برادری پر خصوصی توجہ ہے، چیئرمین بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور سندھ حکومت آپ کی بات سنجیدگی سے لیتی ہے کیوں کہ ملک کو تاجر برادری چلا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صنعتی زون بنانے کی آپ کی سفارش کی 100 فیصد تائید کرتا ہوں، سی پیک کا دھابیجی اکنامک زون کا جدید منصوبہ ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں مزید سپیشل اکنامک زون نہیں بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کا دو دن میں چیئرمین بلاول بھٹو افتتاح کریں گے ملیر ایکسپریس وے ساکنان کراچی کو پاکستان پیپلز پارٹی کا تحفہ ہے، یلو لائن بی آر ٹی کے بورڈ اجلاس میں کاٹی کے ایک نمانندے کو خصوصی طور پر مدعو کریں گے، کوشش ہے کہ جام صادق برج کا کام آٹھ ماہ میں مکمل کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی کراچی میں ہم سبسڈی پر ٹرانسپورٹ چلا رہے ہیں، پاکستان میں پہلی بار ای وی بسز اور خواتین کے لئے مخصوص حکومت سندھ نے متعارف کروائیں ریڈ لائن بی آر ٹی میں حکومت کی وجہ سے کوئی تاخیر نہیں، یوٹیلٹیز کی منتقلی کی وجہ سے کام میں تاخیر ہوئی، کراچی شہر کے لئے ہم اس سال ڈبل ڈیکر بسیں لا رہے ہیں، کوشش ہوگی کہ شارع فیصل پر اس سال ڈبل ڈیکر بسیں چلا سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں