نوشہرہ ( پی این آئی) پاکستان ایئرفورس کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع نوشہرہ کے شہر رسالپور میں پیش آیا جہاں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ تربیتی طیارہ رن وے کی دیوار کے قریب کھیتوں میں جاگرا، حادثے کے بعد تربیتی طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پاک فضائیہ اور آرمی کی ایمبولنس اور فائربریگیڈ موقع پر پہنچ گئیں، تربیتی طیارے 8 K کا ملبہ رن وے کے قریب کھیتوں میں موجود ہے جس کو سکیورٹی اہلکاروں نے تحویل میں لے لیا، تاہم فوری طور پر اس حادثے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔
اس سے پہلے گزشتہ برس اکتوبر میں خیبر پختونخواہ کے ضلع صوابی میں گدون امازئی کے پہاڑی علاقے میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، ریسکیو 1122 کے عہدیدار نے بتایا کہ حادثے کے بعد تربیتی طیارہ تباہ ہو گیا، تاہم اس دوران دونوں پائلٹ کامیابی سے اپنے پیراشوٹ کے ذریعے باہر نکنے میں کامیاب ہوگئے اور انہیں معمولی چوٹیں آئیں، تاہم حادثے کی وجہ سے دونوں پائلٹ خوفزدہ نظر آ رہے تھے جنہیں فوری طور پر محفوظ مقام پر لے جایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے ابتدائی مرحلے میں مقامی لوگوں نے دونوں پائلٹوں کی مدد کی، پہاڑی علاقہ ہونے کے باوجود اطلاع ملنے پر ریسکیو اور میڈیکل ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی، جس کے بعد معمولی زخمی دونوں پائلٹوں کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میں ابتدائی طبی امداد دی گئی، بعد ازاں دونوں کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں