کھلا مین ہول ایک اور معصوم کی جان نگل گیا

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی دو نمبر کے قریب 8 سالہ بچہ مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔

کچھ دیر قبل دو بچوں کی مین ہول میں گرنے کی خبر سامنے آئی تھی جبکہ ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معصوم کو زندہ باہر نکالنے کی کوششیں کیں۔تاہم اب پولیس نے بتایا ہے کہ ریسکیو ٹیموں نے بچے کی لاش نکال لی، 8 سالہ معصوم شاہ فیصل کالونی اے ون کا رہائشی تھا۔ریسکیو حکام کے مطابق مین ہول میں 2 بچے گرے تھے ایک کو فوری بچا لیا گیا تھا۔

ترجمان ایدھی نے بتایا کہ جاں بحق بچے کی لاش علاقے کے دوسرے نالے سے نکالی گئی۔ٹاؤن چیئرمین شاہ فیصل کالونی گوہر خٹک نے کہا کہ مین ہول پر ڈھکن لگانا واٹر کورپوریشن کا کام ہے، وہ ہمیں بھی ڈھکن نہیں دیتی نہ خود لگاتی ہے۔گوہر خٹک نے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج کورپوریشن کی جانب سے ایک ہی جواب آتا ہے بجٹ نہیں ہے۔اکتوبر 2024 میں کراچی کے علاقے ماڑی پور ٹاؤن یوسی 4 کے علاقے مواچھ گوٹھ غفوری چوک کے قریب گلی میں کھیلتے ہوئے بچہ مین ہول میں گر گیا تھا۔ علاقہ مکین بچے کو تلاش کرتے رہے جبکہ کچھ دیر بعد عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت باحفاظت مین ہول سے نکال لیا تھا۔

علاقہ مکینوں میں واقعے پر غم و غصہ پایا گیا اور ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں جگہ جگہ گٹر کے ڈھکن غائب ہیں جس کی وجہ سے اس قسم کے واقعات ہونا معمول بن گیا ہے۔مواچھ گوٹھ کے مکینوں کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کھلے مین ہول کے ڈھکن لگائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close