قیدیوں کو بڑی سہولت دیدی گئی

لاہور (پی این آئی) پنجاب میں اب کوئی غریب قیدی وکیل کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی جیلوں میں نادار قیدیوں کو فری لیگل ایڈ فراہم کر دی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محکمہ داخلہ نے صوبے کی تمام 43 جیلوں میں فری لیگل ایڈ کمیٹیاں آپریشنل کر دی ہیں۔ ان کمیٹیوں کے ذریعے ایسے نادار اسیران جو مقدمات کی پیروی کیلئے وکیل کا انتظام نہیں کر سکتے انہیں فری لیگل ایڈ مل رہی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں فری لیگل ایڈ کمیٹیاں پنجاب بار کونسل اور ضلعی بار ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے تشکیل دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ محکمہ داخلہ نے اسیران کو فری لیگل ایڈ فراہم کرنے کے قواعد و ضوابط بھی جاری کیے ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق ہر جیل میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل ایسے اسیران کا تعین کریگا جنہیں مفت وکیل کی سہولت درکار ہے۔ ہر منگل کے روز بیرکوں میں فری لیگل ایڈ سروس بارے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا تاکہ تمام قیدیوں کو فری لیگل ایڈ بارے آگاہی ہو۔ بدھ کے روز نادار اسیران کی فہرست متعلقہ ضلع کی فری لیگل ایڈ کمیٹی کو بھجوائی جائے گی۔

ایس او پیز میں درج ہے کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ان نادار اسیران کی اپنے وکیلوں سے ملاقات کا اہتمام کریگا اور یقینی بنائے گا کہ فہرست میں دیئے گئے تمام قیدیوں کو مفت وکیل کی سہولت دستیاب ہے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل متعلقہ صدر بار کونسل کی مدد سے قیدیوں کو مفت لیگل ایڈ کی فراہمی میں ہر قسم کی رکاوٹ دور کریگا۔ وکلاء کی عدم دستیابی پر متعلقہ ڈی آئی ریجن کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات کو مطلع کیا جائے گا۔ ایسی صورت میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب بار کونسل کی مدد سے وکلاء کی فوری دستیابی یقینی بنائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close