تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور

لاہور (پی این آئی ) پنجاب اسمبلی میں ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے، جس کے بعد یکم جنوری سے ایم پی اے کی تنخواہ 76 ہزار سے 4 لاکھ روپے ہوجائے گی ۔

اے آروائی نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا، بل کی منظوری کے بعد ایم پی اے کی تنخواہ 76 ہزار سے بڑھ کر 4 لاکھ روپے ہوجائے گی، بل پر اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے اعتراض اٹھایا۔بل منظوری کے بعد یکم جنوری سے اراکین اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ 4 لاکھ روپے کر دی جائے گی۔ تنخواہوں میں اضافے کے بل کی منظوری کے بعد اراکین اسمبلی نے خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کیں۔بل کی منظوری کے بعد اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 76 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ کر دی گئی ہے جبکہ صوبائی وزراء کی تنخواہ ایک لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ 60 ہزار روپے کر ہو جائے گی۔

اسی طرح اسپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ ایک لاکھ 25 ہزار سے بڑھ کر 9 لاکھ 50 ہزار اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہ ایک لاکھ 20 ہزار سے بڑھ کر7 لاکھ 75 ہزار ہوجائے گی۔ پارلیمانی سیکرٹریز کی تنخواہ 83 ہزار سے بڑھ کر 4 لاکھ 51 ہزاراور اسپیشل اسسٹنٹ کی تنخواہ ایک لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار ہوجائے گی۔ بل کی منظوری کے بعد اب ایڈوائزر کی تنخواہ ایک لاکھ سے بڑھ کر 6 لاکھ 65 ہزار روپے ہوجائے گی۔

پنجاب اسمبلی کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا یہ بل پارلیمانی قوانین ایکٹ 1972کے مطابق ہے۔ جس پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یہ بل موجودہ قوانین کے مطابق بالکل درست ہے اور حکومت کا اچھا اقدام ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close