سندھ حکومت کا ایک اور بڑا فیصلہ

کراچی ( پی این آئی) سندھ حکومت نے صوبے بھر میں گاڑیوں کی جدید سائٹیفک فٹنس چیکنگ لازمی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پیپلز بس سروس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق اور دیگر شریک ہوئے، اجلاس میں حکومت سندھ کی جانب سے پیپلز بس سروس کے 40 اسٹاپس کی تعمیر دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، محکمہ ٹرانسپورٹ نے سندھ بھر میں گاڑیوں کی جدید سائٹیفک فٹنس چیکنگ لازمی کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

اس موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس کے 100 سٹاپس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، باقی سٹاپس کا کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے، دو ماہ کے اندر جنوری 2025ء تک باقی ماندہ 40 بس سٹاپس پر بھی کام مکمل کرلیا جائے، حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے نظام کو دنیا سے ہم آہنگ اور جدید بنانے کی خواہاں ہے، پیپلز بس سروس کے جدید ترین بس سٹاپ جدید، مؤثر اور پائیدار نقل و حرکت کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، جدید بس سٹاپس مسافروں کے لیے بیٹھنے کی بہترین جگہ اور موسم سے تحفظ فراہم کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں