لاپتہ صحافی بازیاب، گھر پہنچ گئے

لاہور ( پی این آئی) لاہور سے تعلق رکھنے والے صحافی کورٹ رپورٹر شاکر اعوان بازیاب ہونے کے بعد گھر پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق صحافی شاکر اعوان بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے ہیں، اس حوالے سے شاکر اعوان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے، انہوں نے اپنے اغواء کے خلاف آواز اٹھانے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ اسی حوالے سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ شاکر محمود اعوان کو بہترین حکمت عملی اور لوگوں کے دباؤ کی وجہ سے رہائی ممکن ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے آئی جی پنجاب کو طلب کرنا، سیف سٹی کے کیمروں کے ریکارڈ کی طلبی کی وجہ سے رہائی ممکن ہو سکی، اس سلسلے میں شاکر کے بھائی سے تفصیلی بات ہوئی ہے وہ خیریت سے ہے، تمام تفصیلات سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں صحافی شاکر اعوان کے اغواء سے متعلق کیس زیر سماعت ہے جہاں شاکر اعوان کی والدہ شہناز بیگم نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی، دائر درخواست میں ایف آئی اے، پنجاب حکومت، پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے اور نامعلوم افراد نے شاکر اعوان کو گھر سے اغوا کیا، جس کے بعد سے شاکر اعوان کو کسی بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، شاکر اعوان کے خلاف کسی مقدمے کے اندراج کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، استدعا ہے کہ عدالت صحافی شاکر اعوان کی بازیابی کا حکم دے، شاکر اعوان کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close