لاہور (پی این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران شرپسندوں کی جانب سے 4 رینجرز اہلکاروں کو کچل کر شہید کرنے پر شدید رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فسادی اور شرپسند سیاسی تاریخ کا خونی باب لکھ رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شرپسندوں کی گاڑی سے رینجرز اہلکاروں کو کچل کر شہید کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔مریم نواز نے دوران احتجاج 4 رینجرز اہلکاروں کو کچل کر شہید کرنے پر شدید رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے کسی کے بیٹے اور بھائی تھے، ظلم کیا گیا، کیا دوسروں کو مارنا اور زخمی کرنا پُرامن احتجاج ہوتا ہے؟ فسادی اور شرپسند سیاسی تاریخ کا خونی باب لکھ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور 2 پولیس کے جوان بھی شدید زخمی ہو گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز کے 4 جوان شہید اور پولیس کے 2 جوان شہید ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں