دہشتگردوں کا حملہ

قلات(پی این آئی) بلوچستان کے علاقے قلات میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ،7 سیکورٹی اہلکار شہید15زخمی ہوگئے،لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور شہدا کی نعشوں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے،بتایاگیا ہے کہ نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15زخمی ہوئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے ۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔خیال رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر خودکش دھماکے میں خاتون سمیت 27 افراد جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کیلئے روانہ ہونا تھا۔

ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا تھا۔کمشنرکوئٹہ محمد حمزہ شفقات نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریلوے اسٹیشن پردھماکا خودکش تھا۔ خودکش بمبار سامان کےساتھ ریلوےاسٹیشن میں داخل ہوا تھا۔ ایسے کسی شخص کو روکنا مشکل ہوتاہے جو خودکش حملے کیلئے آئے۔ریلوے سٹیشن پر دھماکے کے بعد کوئٹہ کے سول ہسپتال ڈاکٹر نور اللہ کے مطابق ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔

طبی امدادکیلئے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ طلب کر لیا گیا تھا۔پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے دھماکے میں خاتون سمیت 27 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خود کش بم دھماکے کے بعدوزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا اور رپورٹ طلب کر لی تھی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، صوبے میں دہشت گردوں کےخلاف کارروائیاں جاری ہیں، متعدد واقعات میں ملوث دہشت گرد پکڑے جا چکے ہیں، بلوچستان سے دہشتگردوں کا قلع قمع کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close