سینئر وکیل تشدد سے زخمی

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں جھگڑے کے دوران تشدد سے سینئروکیل زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس کی کھڈا مارکیٹ میں نامور سینئروکیل خواجہ شمس الاسلام پر مسلح افراد نے حملہ کیا،واقعہ ذاتی رنجش پر پیش آیا ہے، وکیل نے ملزمان کے نام بھی بتائے ہیں، خواجہ شمس الاسلام کو طبی امداد کے لیے کلفٹن کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وکیل شمس الاسلام پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے صدر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ریحان عزیز ملک کے مطابق خواجہ شمس الاسلام عشا کی نماز ادا کرنے کے بعد اپنے دفتر جارہے تھے کہ 15 سے 20 افراد نے ان پر آتشیں اسلحہ اور ڈنڈوں سے حملہ کر دیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔

ریحان عزیز ملک کے مطابق ان کے جسم پر ایک گولی کا زخم بھی ہے ، شمس الاسلام کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ زیرعلاج ہیں۔صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے مطابق یہ حملہ ایک وکیل پر نہیں بلکہ پوری وکلا برادری پر ہے، اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے ۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف فوری ایکشن لے کر انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔دریں اثناایس پی کلفٹن ماجدہ پروین نے بتایا ہے کہ ڈیفنس کھڈا مارکیٹ میں ایڈووکیٹ شمس الاسلام جھگڑے کے دوران زخمی ہوئے ہیں، خواجہ شمس نے پولیس کو تشدد کرنے والوں کے نام بتائے ہیں۔

ایس پی کلفٹن نے کہا کہ خواجہ شمس ابھی اسپتال میں ہیں،وہ حملہ کرنے والے عناصر کو جانتے ہیں،واقعہ کی مزید تفتیش کررہے ہیں،سینئروکیل کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں