لاہور(پی این آئی)ملک بھر میں جاری سموگ کی لہر کا روگ کم نہ ہو سکا، فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، فضا میں زہریلے ذرات کے باعث سانس لینا بھی محال ہو گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر حکومت پنجاب سے اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اسموگ آؤٹ آف کنٹرول ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد بیماریوں میں مبتلا ہو کر اسپتالوں میں پہنچ رہی ہے، حکومت پنجاب کے اسموگ کی روک تھام کے لیے تمام اقدامات ناکام رہے ہیں، ظاہری نمود و نمائش کی بجائے مستقل بنیادوں پر کام کرنا ضروری ہے، اسکول ، کالجز اور تفریحی مقامات ، پارکس بند کرنے کے مثبت نتائج نہ مل سکے۔مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کو تاجر تسلیم نہیں کررہے، لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلا ع میں آلودگی کم ہونے کے بجائے بڑھتی جا رہی ہے ۔
علاوہ ازیں گورنر پنجاب سے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ملاقات کی ۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں پنجاب کو درپیش تعلیمی چیلنجز اور ممکنہ تدابیر پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔لاہور کے بعد ملتان، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی سموگ کی لپیٹ میں آ گئے، ملتان آج بھی فضائی آلودگی میں سر فہرست ہے جہاں اے کیو آئی950 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس560 تک جا پہنچا ہے جبکہ پشاور کا اے کیو آئی 597، اسلام آباد کا254 اور راولپنڈی کا اے کیو انڈیکس284 کو چھو گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں