کوئٹہ دھماکا کرنیوالے بی ایل اے دہشتگرد کی تفصیلات سامنے آگئیں

کوئٹہ(پی این آئی)کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خود کُش حملہ کرنے والے بی ایل اے کے دہشت گرد محمد رفیق بزنجو کی تفصیلات اور تصویر بی ایل اے نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق تصویر کا فورنزک آڈٹ کرنے پر پتہ چلتا ہے کہ یہ دہشت گرد سر سے پاؤں تک غیر ملکی اسلحہ اور سامان سے لدا ہوا ہے۔ تصویر میں دہشت گرد محمد رفیق نے امریکی ساخت کی ایم فور رائفل اٹھائی ہوئی ہے جو صرف افغانستان میں ڈالروں سے خریدی جا سکتی ہے۔دہشت گرد رفیق نے جو یونیفارم پہنا ہوا ہے وہ بھی یو ایس میرین کور کا ہے، اِسی طرح ایمونیشن میگزین جیکٹ اور ٹوپی بھی امریکی ساخت کی ہے۔

را کی طرف سے مہیا کیے جانے والے ڈالروں سے بی ایل اے یہ سازو سامان افغانستان سے خرید کر معصوم پاکستانیوں کا قتل عام کر رہی ہے۔پوری قوم کو ان فارن فنڈڈ دہشت گردوں کے قلع قمع کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر چلنا ہوگا تاکہ ان ملک دشمنوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔واضح رہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر آج ہونے والے خودکش حملے میں 27 افراد شہید اور 40 زخمی ہوگئے تھے، 10 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں