ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

کراچی (پی این آئی) کراچی کے شہریوں کو اب ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے دفتر جانے کی ضرورت نہیں کیوں کہ موبائل وین کی سہولت کا آغاز کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے باسیوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس بنانا مزید آسان ہوچکا ہے کیوں کہ شہریوں کی سہولت کے لیے اب انتظامیہ نے لائسنس بنوانے کے لیے ڈی ایل موبائل وین کی سہولت کا آغاز کردیا ہے، جو پورے شہر میں عوام کو سہولت فراہم کریں گی۔ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس اقبال دارا نے کہا ہے کہ ڈی ایل برانچ اور آن لائن سسٹم کے بعد موبائل وین شروع کی گئی ہے، ایک اور موبائل وین تیار کر رہے ہیں، اس طرح 2 وین ہو جائیں گی، موبائل وین سے لرنر، تجدید اور نان کمرشل لائسنس بنوائے جا سکتے ہیں، یہی تمام سہولیات آن لائن سسٹم سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی کمپنی، دفتر یا ادارہ درخواست پر وین بلا سکتا ہے، اس وقت موبائل وین پاکستان چوک کے علاقے میں موجود ہے جہاں شہریوں کی بڑی تعداد اس سہولت سے استفادہ حاصل کر رہی ہے جب کہ عوام کی آسانی کے لیے آن لائن سروس پہلے ہی فعال کردی گئی تھی۔دوسری طرف پنجاب میں ٹریفک پولیس کی آؤٹ ریچ ٹیم مختلف علاقوں میں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے سہولت فراہم کر رہی ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لائسنس کے پراسس کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے شہری شناختی کارڈ کے ہمراہ آئیں اور ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت سے مستفید ہوں، 42 دن شرط کو ختم کر دیا گیا ہے اب کسی بھی شہر سے تعلق رکھنے والا شہری ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت حاصل کر سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close