لاہور(پی این آئی)مینارپاکستان پرجلسےکی اجازت کے لیے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نےلاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سینیئر نائب صدر کی جانب سے ڈی سی لاہور کو مینار پاکستان پر جلسے کیلئے درخواست جمع کرائی گئی تھی تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اکمل خان باری نے لاہور میں جلسے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں نئی درخواست دی جسے راولپنڈی بینچ نے منظور کرلیا۔دائر درخواست میں پنجاب حکومت اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ’ 5 اکتوبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سالگرہ ہے اس لیے مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دی جائے‘۔ درخواست میں جلسے کے شرکا کے قانونی ضابطوں پر مکمل عمل کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی کی جلسے سے متعلق درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی کل سماعت کریں گے۔ جس دوران پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک اورعاقل خان لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوں گے۔واضح رہے کہ ہفتے کوپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لاہور میں کاہنہ کے مقام پر جلسہ کیا تھا لیکن جلسہ کا وقت ختم ہوتے ہی اسے روک دیا گیا تھا اور پولیس نے مائیک اورلائٹس بند کرا دی تھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں