دو ماہ کے لئے دفعہ 144 نافذ

لاہور(پی این آئی) معدنی ذخائر اور ماحول کے تحفظ کیلئے حکومت پنجاب کا احسن اقدام سامنے آیا ہے۔

پنجاب حکومت نے اٹک اور چکوال میں 2ماہ کیلئے دفعہ 144نافذ کردی،جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ضلع اٹک میں بغیر اجازت سونے کی کان کنی پر پابندی عائدکر دی گئی،اٹک میں دریائے سندھ کے اطراف سونے سمیت تمام معدنیات کی بلااجازت کھدائی پر دفعہ 144نافذ کی گئی ۔اس کے علاوہ کان کنی یا کھدائی کی مشینری کی نقل و حرکت پر بھی 2ماہ کیلئے پابندی عائد کردی گئی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ضلع اٹک میں سونے کی بغیر اجازت کان کنی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پلیسر گولڈ قومی خزانے کیلئے اہم ترین معدنیات میں سے ایک ہے اور حکومت پنجاب نے اس قومی دولت کے تحفظ کیلئے یہ اقدام کیا۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی اور نقل و حمل پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق چکوال میں درختوں کی کٹائی پر پابندی کا اطلاق نجی اور سرکاری دونوں زمینوں پر ہوگا۔ ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی کیساتھ ٹمبر کی نقل و حمل پر مکمل پابندی ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے قدرتی ماحول، مقامی آبادی اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے فیصلہ کیا۔ بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات بڑھا رہی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق اٹک اور چکوال میں پابندی کا اطلاق 60 روز کیلئے ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close