وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈاکوؤں کے حملے میں شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کیلئے بڑا اعلان

لاہور (پی این آئی)پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے رحیم یار خان میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہل کاروں پر حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، کوتاہی ہوئی، غلطی کا ازالہ کریں گے اور آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پولیس کا حوصلہ بڑھانے شیخ زاید اسپتال رحیم یار خان پہنچ گئیں۔ شیخ زاید اسپتال میں کچے کے ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس کے جوانوں کی عیادت کی اور زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔زخمی سپاہی بلال نے عزم کا اظہار کیاکہ میرے حوصلے بلند ہیں، ٹھیک ہوکر پھر مقابلہ کروں گا، امن دشمنوں سے لڑتے رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے بلال کو شاباش دی اور کہا کہ حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بعد میں ڈی پی او آفس رحیم یار خان میں پولیس کے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ملک و قوم کی خاطر جان دینے والوں میں 3 ہندو جوان بھی شامل ہیں، وزیر اعلیٰ نے غمزدہ اہل خانہ کو دلاسا دیا۔انہوں نے روتی ہوئی ایک بیوہ کو گلے لگایا اور ایک شہید اہلکار کے کمسن بچوں سے پیار کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھاکہ کوتاہی ہوئی، غلطی کا ازالہ کریں گے، آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا، ہر شہید قوم کا ہیرو ہے، سوگوار خاندانوں کی بھرپور کفالت کی جائے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم، گھر اور نوکریاں دی جائیں گی۔ مریم نواز نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اطلاع ملتے ہی فوراً سوگوار خاندانوں کے پاس جانے کو کہا، ہرجان قیمتی ہے، پولیس اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنائیں گے، کچے کے مسئلہ کا مستقل حل ڈھونڈنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close