کراچی (پی این آئی) جماعت اسلامی نے 24 اگست کو کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کردیا۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ میئر کی نااہلی اور ناقص کارکردگی، شہر میں سڑکوں کی خستہ حالی اور انفرا اسٹرکچر کی تباہی، ٹاؤن اور یوسی کی سطح تک اختیارات ووسائل کی عدم منتقلی، پانی کے بحران اور صفائی ستھرائی کے ناقص نظام کے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے 24 اگست کو کے ایم سی ہیڈ آفس ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کریں گے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ مظاہرے میں ٹاؤن اور یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز شریک ہوں گے اور انہوں نے مظاہرے میں شرکت کے لیے سٹی کونسل کی دیگر جماعتوں کے نمائندوں کو بھی دعوت دی۔منعم ظفرخان نے کہا کہ 24اگست کا مظاہرہ پہلا یا آخری مظاہرہ نہیں ہوگا، بلکہ اس میں ہم آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، اگر حکومت سندھ اور قبضہ میئر نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو ان کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں