پنجاب حکومت کا غریب اور متوسط طبقے کے لیے بڑا اعلان

لاہور (پی این آئی) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے عوام کے لیے بجلی کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا ہے۔

ان کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر حکومت پنجاب 45 ارب روپے ادا کرے گی تاکہ اس ریلیف کو ممکن بنایا جا سکے۔ نواز شریف اور مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں متوسط طبقے کو 700 ارب روپے کے سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے، جس سے عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات ملے گی۔

سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ میاں نواز شریف کا عوام کی خدمت کا عزم ہمیشہ سے مضبوط رہا ہے۔ ان کی قیادت میں پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں تاریخی ریلیف فراہم کیا ہے جو عوام کے لیے بڑی راحت ہے۔ نواز شریف نے ہمیشہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور آج بھی عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ محمد نواز شریف کی عوامی مسائل پر گہری نظر ہے، بجلی کے بلوں میں کمی اور سولر پینلز کی فراہمی عوامی فلاح و بہبود کا عملی ثبوت ہیں۔

سہیل شوکت بٹ نے اس فیصلے کو غریب عوام کے لیے بڑا ریلیف قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں