چکوال میں باپ ایک بیٹی قتل دوسری زخمی کر کے فرار ہو گیا

پنجاب کے ضلع چکوال میں شقی القلب باپ ایک بیٹی کو قتل اور دوسری کو زخمی کر کے فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ چکوال کے علاقے بھون کلر کہار میں پیش آیا جہاں سنگدل باپ نے اپنی 2 جوان بیٹیوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں سالہ بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ دوسری بیٹی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ملزم باپ محمد زمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔پولیس نے بتایا ہے کہ باپ کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی 13 سال کی دوسری بیٹی کو طبی امداد کے لیے پہلے ڈی ایچ کیو بعد میں راولپنڈی کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم ٹرک ڈرائیور ہے جو کافی عرصے سے بے روزگار اور نشے کا عادی ہے،جس کی وجہ سے اس کا اکثر بیوی سے گھریلو جھگڑا رہتا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بیوی ناراض ہو کر میکے میں بیٹھی ہوئی تھی، ملزم کے 6 بچے ہیں، جن میں 1 بیٹا اور 5 بیٹیاں شامل ہیں، قتل کی مبینہ واردات گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزم مشتعل ہو کر اپنے تمام بچوں کو قتل کرنا چاہتا تھا تاہم گولیاں پھنس جانے کی وجہ سے پسٹل نے اس کا ساتھ نہ دیا جس پر وہ جائے وقوع سے فرار ہو گیا۔ایس ایچ او تھانہ کلر کہار بدر منیر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئے ہیں۔چکوال پولیس کے مطابق ملزم باپ کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں