اسلام آباد(پی این آئی)کوئٹہ میں ایک ہی دن میں 3 دستی بم حملوں کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
سب سے پہلے نواب غوث بخش گرلز ہائی اسکول پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، اس کے بعد لیاقت بازار میں ایک دکان اور پھر کلی دیبہ میں ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔پولیس کے مطابق کلی دیبہ میں گھر پر دستی بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں خاتون اور مرد جاں بحق ہوگئے، جب کہ ایک شخص زخمی بھی ہوا۔اس سے قبل دکان میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ منگل کی شام شہر کے وسط میں واقع قدیمی بازار لیاقت بازار کی چائنہ مارکیٹ پر نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے ایک دستی بم پھینکا گیا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
جس کے نتیجے میں وہاں موجود 7 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت محمد، حبیب الرحمٰن، عرفان، ساگر اور یوسف مسیح کے ناموں سے ہوئیں۔ زخمی نوجوان عرفان اللہ ٹراما سینٹر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، دھماکے سے 7 دکانوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے فورا بعد پولیس، سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر موقع سے شواہد اکھٹے کئے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں