کراچی (پی این آئی) مختلف ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے کراچی کے شہریوں کو رواں ماہ اپنے بجلی کے بلوں میں 400 روپے تک اضافی ادا کرنا ہوں گے کیونکہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کے الیکٹرک کے ذریعے باضابطہ طور پر متنازع میونسپل یوٹیلٹی چارجز اور ٹیکس (ایم یو سی ٹی) کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کے ایم سی اور کے الیکٹرک حکام نے میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اور ٹیکس کے نفاذ کی تصدیق کی ہے، تخمینوں کے مطابق میونسپل انتظامیہ کو ہر سال 4 ارب روپے سے زائد کی آمدنی ہوگی۔کے ایم سی کے عہدیدار نے بتایا کہ شہر میں کے الیکٹرک صارفین اگلے بل میں ایم یو سی ٹی کے عنوان سے ایک نیا ہیڈ دیکھیں گے۔ان کا مزید کہنا ہے کے ایم سی نے یکم اگست 2024 سے کنٹونمنٹ کے علاقوں کے علاوہ کراچی میں بجلی کے بلوں میں میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکسز کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کئے جانے والے ایم یو سی ٹی سے کراچی کے ترقیاتی پراجیکٹس اور ضروری سہولیات میں بہتری لائی جائے گی، ان اخراجات کے استعمال کا طریقہ کار مکمل طور پر شفاف ہوگا اور کے ایم سی کی ویب سائٹ پر ہر مہینے تمام معلومات شائع کی جائیں گی، اس اقدام سے کے ایم سی کو مالی معاونت فراہم ہوگی جس سے شہر کی میونسپل کارپوریشن اور یونین کونسل کو فائدہ پہنچے گا۔
جب کے الیکٹرک کے ایک عہدیدار سے اس ٹیکس کے نفاذ کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں اس کی تصدیق کی۔کے ای اور کے ایم سی نے جون 2022 میں ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے، اس معاہدے کا جولائی سے سٹی کونسل کی جانب سے چارجز کی وصولی کی منظوری کے بعد اطلاق ہوا ہے۔ معاہدے کے مطابق کے الیکٹرک میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکسز کے ایم سی کی حدود میں ماہانہ بلوں میں گھریلو اور غیر گھریلو صارفین سے وصول کرے گی۔ مزید ازاں صارفین سے کیٹیگری کے حساب سے چارجز کی وصولی کی جائے گی، جس کی اطلاع کے ایم سی وقتاً فوقتاً دیتی رہے گی۔مکٹ کی مختلف سلیبس کے حوالے سے ایک اہم عہدیدار کا کہنا تھا کہ 100 یونٹس استعمال کرنے والے کے الیکٹرک صارفین اس نئے ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے اور جو صارفین 101 اور 200 یونٹس کے درمیان بجلی استعمال کر رہے ہیں انہیں ہر ماہ 20 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں