جدہ کیلئے براہ راست پروازیں پانچ برس بعد بحال کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک(پی این آئی)پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے سعودی عرب کے لیے براہ راست پروازیں پانچ سال بعد دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی آئی اے کے حکام کے مطابق چھ اگست کو پہلی پرواز کوئٹہ سے جدہ کے لیے روانہ ہو گی۔کوئٹہ میں پی آئی اے کے عہدے دار شبیر ترین نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’کوئٹہ سے جدہ کے درمیان ہفتے میں دو دن (منگل اور اتوار کو) دو طرفہ پروازیں چلائی جائیں گی۔ ہر پرواز میں 173 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔‘کوئٹہ سے سعودی عرب کے لیے اس وقت کسی بھی ایئرلائن کی براہ راست کوئی پرواز نہیں۔ پی آئی اے نے اکتوبر2019 میں کوئٹہ سے جدہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کی تھیں تاہم کورونا وبا کے بعد یہ پروازیں بند ہو گئی تھیں۔اس کے بعد کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر رن وے کی توسیع کے لیے تعمیراتی کام کی وجہ سے بیرون ملک پروازیں شروع نہیں کی جاسکیں۔

شبیر ترین کے مطابق ’رن وے کی تعمیر کا کام مکمل ہو گیا ہے، اب کوئٹہ ایئرپورٹ پر بڑے طیارے بھی اترسکتے ہیں۔ اس لیے اگر کوئٹہ جدہ روٹ پر مانگ میں اضافہ ہوا تو بڑے طیاروں کو بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’یہ پرواز خاص عمرہ زائرین کے لیے بحال کی گئی ہے تاہم اس سے نہ صرف عمرہ زائرین بلکہ بلوچستان کی تاجر برادری اور سعودی عرب میں کام کرنے والے افراد بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یکطرفہ کرایہ 391 ڈالر(تقریباً ایک لاکھ نو ہزار پاکستانی روپے ) رکھا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close