پنجاب بھر میں کوڑا ٹیکس عائد کردیا گیا

لاہور (پی این آئی ) پنجاب کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ نے صوبے کے تمام شہروں میں کوڑا ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دی جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ دیہاتی و شہری علاقوں کے رہائشی افراد کے ساتھ چھوٹے اوربڑے کاروبار پر بھی کوڑاٹیکس لگایا گیا ہے، کوڑا ٹیکس پنجاب بھر میں چھوٹے اور بڑے گھروں کے تناسب کے لحاظ سے لگایا گیا ہے، کچی آبادیوں کے مکینوں پر بھی کوڑا ٹیکس لگایا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دیہاتوں میں 5 سے 10 مرلہ کے گھروں پر 200 روپے ماہانہ کوڑا ٹیکس لگانے کی منظوری دی گئی ہے، 10 مرلہ سے ایک کنال یا اس سے بڑے گھروں پر 400 روپے ماہانہ کوڑا ٹیکس لگایا گیا ہے، چھوٹے شہروں اور دیہاتی علاقوں میں چھوٹے کاروبار اور دکانوں وغیرہ پر 300، درمیانے درجے کے کاروبار پر 700 جب کہ بڑے بزنس، فیکٹری، کارخانوں اورپیٹرول پمپس وغیرہ پر 700 روپے کوڑا ٹیکس نافذ کردیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ لاہور میں کوڑا ٹیکس کی شرح دیہاتوں اور دوسرے شہروں کی نسبت بڑھائی گئی ہے، صوبائی دارالحکومت کی شہری آبادی میں 5 مرلہ گھر پر 300 روپے کوڑا ٹیکس لگا ہے، 5 سے 10 مرلہ تک کے گھروں سے 500 روپے ماہانہ لیا جائے گا، 10 مرلہ سے ایک کنال والے گھر پر 2 ہزار اور اس سے بڑے گھر سے 5 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس وصول کیا جائے گا، اسی طرح شہروں میں دکانوں وغیرہ پر 500 روپے، درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں پر 1000 روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے، شہروں میں فیکٹریوں، کارخانوں اور بڑے کاروبار کرنے والوں سے 3 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close