لاہور(پی این آئی)محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں جلسہ جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی لگا دی گئی جبکہ صوبہ بھر میں 3 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی،پابندی کا اطلاق جمعہ 26 جولائی سے اتوار 28 جولائی تک ہوگا، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر کیا گیا، سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبہ بھر میں کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر میں انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی گئی۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے جمعے کو ملک گیر احتجاج کیلئے پلان تشکیل دیدیا تھا۔
جمعہ 26 جولائی کو عمران خان سمیت دیگر قائدین کی رہائی کیلئے تحریک انصاف کا ملک بھر میں احتجاج کااعلان کیا گیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا بنیادی مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کارکنان کی رہائی مقصد تھا۔ اس سے قبل تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 26 جولائی کوملک بھرمیں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس ہوا تھاجس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں