تاریخ میں پہلی بارعام شہریوں کو ائیر ایمبولینس کی سہولت مل گئی

راولپنڈی (پی این آئی) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں عام شہریوں کو بھی ائیر ایمبولینس کی سہولت مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق چھت سے گرنے والی میانوالی کی حلیمہ بی بی کی ائیر ایمبولینس کے ذریعے بروقت راولپنڈی منتقلی سے جان بچا لی گئی، چالیس سالہ حلیمہ بی بی چھت سے گرنے کے باعث تشویشناک حالت میں تھی، مریضہ کی جان بچانے کے لئے فوری بڑے ہسپتال منتقلی ضروری تھی، جس کے باعث ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کے سرجن نے حلیمہ بی بی کو فوری علاج کے لئے راولپنڈی منتقل کرنے کا کہا۔

بتایا گیا ہے کہ اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ائیر ایمبولینس گولڈن آور کے ذریعے حلیمہ بی بی کو راولپنڈی منتقل کروایا، ڈاکٹر راضون نصیر کی نگرانی میں ڈاکٹروں نے حلیمہ بی بی کا آپریشن کیا، ریسکیو ایئر ایمبولینس کی آزمائشی سروس کے ذریعے حلیمہ بی بی کو فوری طور پر میانوالی سے راولپنڈی منتقل کیا گیا، حلیمہ بی بی کے اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو دعا دیتے ہوئے کہا کہ مریم نوازشریف رحمت کا فرشتہ ثابت ہوئیں، اللہ تعالی انہیں زندگی اور کامیابی دے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حلیمہ بی بی کے اہل خانہ کو پیغام میں کہا کہ جس نے ایک جان بچائی اس نے پوری انسانیت کو بچایا، اللہ تعالی کے حکم پر عمل کیا، الحمدللہ! وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے حلیمہ بی بی کی صحت یابی کے لیے پوری قوم سے دعا کی بھی اپیل کی گئی، مریم نواز نے کہا کہ دعا اور دلی آرزو ہے کہ ہر شہری کی زندگی سے ہر دکھ مٹا دوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close