100 یونٹس تک بجلی استعمال کرنیوالوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

کراچی(آئی این پی ) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں گرڈ سے باہر رہنے والے صارفین (آف گرڈ )کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی دیں گے اور گرڈ اسٹیشن سے منسلک (ان گرڈ) صارفین کو 50سے 100 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے یہ اعلان وزیراعلی ہائوس میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا جس میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر پی اینڈ ڈی و توانائی ناصر شاہ، وزیراعلی کے مشیر برائے کوآپریٹو سوسائٹیز احسن مزاری، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکرٹری توانائی مصدق خان اور دیگر نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ نے وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا کہ تقریبا 80 ہزار گھرانے ماہانہ 50 میگاواٹ بجلی استعمال کر رہے ہیں جن میں کے الیکٹرک کے 441483، حیسکو میں 229338 اور سیپکو میں 125500 دائرہ اختیار میں شامل ہیں، اسی طرح ماہانہ 100 میگاواٹ بجلی استعمال کرنے والے گھرانوں کی تعداد 1.9 ملین ہے، جن میں کراچی (KE) میں 1054000، حیدرآباد ریجن (HESCO) میں 566427 اور سکھر ریجن (SEPCO) میں 356073 گھرانے شامل ہیں۔

وزیراعلی کو بتایا گیا کہ 2.6 ملین آف گرڈ گھرانے ہیں جن میں سے پانچ لاکھ کو پہلے مرحلے میں سولر ہوم سسٹم (SHS) فراہم کیے جا سکتے ہیں، 100 واٹ کے سولر ہوم سسٹم میں تین ایل ای ڈی بلب، 35 واٹ کا DC فین اور موبائل چارجنگ پورٹس کے ساتھ 6 گھنٹے بیٹری بیک اپ کیلئے کافی ہے۔ناصر شاہ نے وزیراعلی کو بتایا کہ ایک سولر ہوم سسٹم کی لاگت تقریبا 50000 روپے ہے اور 2.6 ملین سولر ہوم سسٹم کی کل لاگت تقریبا 25 ارب روپے کے بنتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close