پنجاب حکومت کا مزدوروں کو مفت سینکڑوں فلیٹ بناکر دینے کا اعلان

لاہور(پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کے لیے 1ہزار224 فلیٹ بنانے کا اعلان کر دیا۔

ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ہونے والے ایک اجلاس میں لیبرڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جس میں ان فلیٹس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا اور اعلان کیا گیا کہ ورکرز کو یہ فلیٹ مفت مہیا کیے جائیں گے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گی کہ گزشتہ دور حکومت میں 29ہزار ورکر ز کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا نہیں کی گئی، جس پر مریم نواز نے مزدورں کے لیے 6ارب روپے کی واجب الادا ڈیتھ اور میرج گرانٹ فوری ادا کرنے کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف نے اس دوران گارمنٹ سٹی میں خواتین ورکرز کے لیے 2ہاسٹل بنانے اور شیخوپورہ میں 704خواتین ورکرز کو مفت رہائش فراہم کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ لیبر میں اصلاحات، پیشہ وارانہ تحفظ اور کم از کم اجرت کے قوانین پر عملدرآمد کا بھی حکم دیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’پنجاب کے ہر مزدور کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ پنجاب حکومت نے رواں بجٹ میں کم از کم اجرت 37ہزار روپے مقرر کی ہے۔‘‘ انہوں نے اجلاس میں ہدایت کی کہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کم از کم اجرت نافذ کی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں