لاہور (پی این آئی)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں کابینہ کمیٹی سرگودھا پہنچی۔
اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، چوہدری شافع حسین اور بلال اکبر خان بھی ہمراہ تھے۔ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال اور ڈی آئی جی سپیشل برانچ بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی اور آر پی او شارق کمال صدیقی نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ بریفننگ کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں تمام 5457 مجالس اور 1220 جلوسوں کے انتظامات مکمل ہیں۔ یکم سے 5 محرم تک سرگودھا میں 2143 مجالس منعقد اور 66 جلوس پُرامن انداز میں برآمد ہوئے ہیں۔ 195 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 73 کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ سرگودھا میں 158 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔
7 محرم سے آرمی اور رینجرز کی 16 کمپنیاں بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عاشورہ پر صرف مخصوص علاقوں میں موبائل سگنلز جام کیے جائیں گے۔ پنجاب کے 8 ڈویژنز میں انتظامات دیکھ چکے اور تمام انتطامیہ و پولیس تیار ہے۔ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر اجلاس بلا رہے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اتحاد بین المسلمین کے اصول کے تحت پُرامن محرم الحرام گزر رہے ہیں۔
مقامی ممبرانِ اسمبلی، تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے بعد خواجہ سلمان رفیق نے ممبرانِ کابینہ کمیٹی کے ہمراہ سرگودھا کے مرکزی جلوس روٹ اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے امام بارگاہ 7 بلاک میں مقامی امن کمیٹی عہدیداران، منتظمین اور اہل تشیع کمیونٹی سے ملاقات کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں