اسلام آباد(پی این آئی)پنجاب میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینلز دینے کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے عوام کو سولر پینلزکی فراہمی کے ’روشن گھرانہ‘ پروگرام کی منظوری کے لئے منگل کو کابینہ کا اجلاس بلالیا ہے جس میں کابینہ سولر پینلز کی فراہمی کے منصوبے کی باضابطہ منظوری دے گی۔ پنجاب حکومت 50 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین کو سولر سسٹم دے گی۔ سولر پینل کی لاگت کا 90 فیصد پنجاب حکومت اداکرے گی جبکہ 10 فیصد صارف دے گا اور سولر پینل پانچ سال کی آسان اقساط پر صارفین کو فراہم کیے جائیں گے ۔ سردیوں میں سولر پینل کی قسط نسبتاً کم ہوگی اور پینل صرف حکومت دے گی۔
صارف کی ضرورت کے مطابق سرکاری بجلی اور سولر پینل سے حاصل ہونے والی بجلی کے درمیان شرح کا تعین بھی ہوسکے گا۔ بجلی کی لاگت میں اضافے اور توانائی کے بحران کے پیش نظر ’روشن گھرانہ‘ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شفاف طریقہ کار کے مطابق پہلے مرحلے میں غریب ترین گھرانوں کو سولرسسٹم دئیے جائیں گے۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ماضی کی تباہی کے اثرات سے عوام کو بچانے کی کوششیں کررہے ہیں، پانچ سال بعد عوام کو موجودہ مسائل کا سامنا نہیں ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں