اسکالر شپ کے خواہشمند طلباء کیلئے اچھی خبر آگئی

لاہور(پی این آئی)اسکالر شپ کے خواہشمند طلباء کیلئے اچھی خبر ۔۔۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب ہونہار میرٹ اسکالر شپ پروگرام کی منظوری دے دی اور اسکالر شپس کی تعداد 4ہزار سے بڑھا کر 25ہزار کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

پروگرام کے مطابق سرکاری اور8منتخب پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے بی ایس کرنے والے طلبہ کی100فیصد فیسیں اسکالر شپس سے ادا ہوں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے جہلم، وہاڑی او ربہاولنگر میں نئی یونیورسٹیوں کے فوری قیام کی منظوری بھی دے دی۔مریم نواز نے لیپ ٹاپ اسکیم کے فوری اجرا کے لیے ہدایات جاری کیں ۔ اجلاس میں طلبہ کی کم تعداد والے کالجز میں نئے ڈسپلن متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ جاب مارکیٹ کی ضروریات سے منسلک ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔

علاوہ ازیں مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی کے لیے آن لائن پورٹل سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی خالصتاً میرٹ پر کرنے کے لیے فول پروف سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر سرکاری کالجز میں نئی بسوں کی فراہمی کا پلان پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت یونیورسٹیوں کے قیام کی سفارشات کاجائزہ لیا گیا اور پرائیویٹ سیکٹر کو یونیورسٹیوں کے قیام کے لیے حکومتی سطح پر سہولت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں نجی یونیورسٹیو ں کے امور کاجائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی وزارت کمیٹی قائم کرنے کافیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں