وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد (پی این آئی)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کےخلاف تھانہ سنگجانی اور تھانہ آئی 9 میں درج مقدمات میں سماعت کا حکم نامہ جاری کیا۔عدالت نے ایم این اے راجہ خرم نواز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔پی ٹی آئی راہنماؤں حیدربن مسعود، عمر تنویر بٹ اور راجہ ماجد حسین کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔عدالت نے ملزمان کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کردیں، حیدر بن مسعود اور علی امین گنڈا پور کی جانب سے الگ الگ استثنا کی درخواستیں جمع کرائی گئیں تھیں۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ حیدر بن مسعود کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ بیمار ہیں، درخواست کے ساتھ کوئی میڈیکل سرٹیفیکیٹ منسلک نہیں کیا گیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ علی امین گنڈا پور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ شہر سے باہر ہیں، اس سلسلے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close