چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نام کی منظوری دیدی گئی

اسلام آباد ( پی این آئی ) جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقرری کیلئے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوا، اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی تقرری پر غور کیا گیا، اس دوران جوڈیشل کمیشن نے سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر موجود جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی، جسٹس عالیہ نیلم کی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کی سفارش کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوادیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے طریقہ کار تبدیل کیا گیا اور پہلی مرتبہ سینئر جج کو نامزد کرنے کی بجائے ٹاپ تھری ججز میں سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا انتخاب ہوا، لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج اور قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عالیہ نیلم میں سے ایک کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کیلئے جوڈیشل کمیشن میں ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں