کوئٹہ(پی این آئی)گیس پائپ لائن اڑا دی گئی، مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل۔۔۔ بلوچستان کے علاقے مچھ میں گیس پائپ لائن دھماکا خیز مواد سے اڑا دی گئی، جس کے بعد کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے بولان سے گزرنے والی 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو مچھ کوہ باش کے مقام پر نامعلوم ملزمان نے دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔لیویز ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر یہ دہشت گردی کا واقعہ ہو سکتا ہے تاہم مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی گئی تاہم متاثرہ گیس پائپ لائن تباہ ہونے سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں کے صارفین متاثر ہو سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی کلیرنس کے بعد متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا اور اس پر 48 گھنٹوں سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں