وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا آٹے کی قیمتیں بڑھانے والوں کیخلاف سخت حکم آگیا

لاہور(پی این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت صوبے بھر میں آٹے کی قیمتوں میں من مانے اضافے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ خوراک کو گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کی ہدایات جاری،محکمہ خوراک نے فلور ملز،ڈیلرز اور پرچون فروشوں کیخلاف آپریشن کا آغاز کر دیا۔

پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کا سرکاری ریٹ 750 روپے مقررکیا گیاتھا جب کہ اس وقت بازار میں دس کلو آٹے کا تھیلا 100 سے 150 روپے اضافی قیمت میں فروخت ہو رہا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے صوبہ بھر میں کریک ڈاون کاآغاز کر دیا 24 گھنٹوں میں 523 فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی چیکنگ کی گئی۔ گراں فروشی، نامکمل لیبلنگ اور ناقص انتظامات پر 7 لاکھ 20 ہزار کے جرمانے کئے گئے جبکہ متعدد کو وارننگ اور نوٹس بھی جاری کئے گئے۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا ہے کہ لاہور ڈویژن میں 25، فیصل آباد 43، ساہیوال میں 33 مقامات جبکہ راولپنڈی ڈویژن میں61، سرگودھا میں 77 مقامات کی چیکنگ کی گئی اسی طرح ملتان ڈویژن میں 38، بہاولپور 35 اور ڈی جی خان میں 89 ، گجرات ڈویژن میں 85 گوجرانوالہ میں37 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔صوبائی وزیر بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنیوالوں کیخلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔ پنجاب کی مارکیٹوں میں مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنیوالوں کو بے نقاب کیا جارہا ہے۔

وافر سٹاک کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گراں فروشی کی اجازت بالکل نہیں دی جائیگی ۔گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت ہدایات دی ہوئی ہیں ۔ صوبے میں گندم کا وافر سٹاک موجود ہے اس لئے منصوعی بحران پیدا کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ سستے آٹے کی فراہمی کو ہرممکن یقینی بنائیں۔

close